سرسی:22؍ مئی (ایس اؤ نیوز) شہرکے پنڈت عوامی اسپتال کے کووڈ وارڈ میں زیر علاج مریضوں کو سپلائی کئے جانے والے آکسیجن سنٹر میں سنیچر کی صبح آکسیجن لیکیج کا معاملہ سامنے آیا ہے اور بتایا گیا ہے کہ لیکیج پر فوری قابو نہیں پایا گیا تو کووڈ مریضوں کے لئے مسئلہ درپیش ہوسکتا ہے۔
ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق اسپتال سے متصل آکسیجن ذخیرہ اندوزی سنٹر سے مریضوں کو پائپ لائن کے ذریعے آکسیجن سپلائی کی جاتی ہے۔سنیچر کی علی الصبح مریضوں کو مطلوبہ آکسیجن سپلائی میں رُکاوٹ پیدا ہونے لگی توپتہ چلا کہ آکسیجن کا لیکیج ہورہاہے۔
کووڈ وارڈ میں 20مریض زیر علاج ہیں، جن میں 6کی حالت بے حد نازک ہونے سے انہیں زائد آکسیجن کی ضرورت ہے۔ بتایا گیا ہے کہ فی الحال آکسیجن کی سپلائی میں کوئی مسئلہ نہیں ہے۔ لیکن لیکیج پر فوری قابو پایا نہیں گیا تو مسئلہ درپیش ہوسکتاہے اسپتال ذرائع نے بتایا کہ ایسی صورت میں مریضوں کو سداپور اور یلاپور اسپتالوں میں منتقل کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ ماہرین کے ذریعے لیکیج کی درستگی کا کام جاری ہے۔
اسسٹنٹ کمشنر آکرتی بنسال، ڈی وائی ایس پی روی نائک ، تحصیلدار ایم آر کلکرنی اور ایس آئی راج کمار نےجائے وقوع پرپہنچ کر معائنہ کیا ہے۔